برطانیہ: برمنگھم مظاہرے میں متنازع بیان دینے والے شیخ عمران نے معافی مانگ لی

برمنگھم(جانوڈاٹ پی کے) برطانیہ میں ہونے والے ایک مظاہرے کے دوران سرکاری حکام کے خلاف نامناسب بیانات دینے والے شیخ عمران نے اپنے الفاظ پر معذرت کر لی ہے۔
شیخ عمران نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ برمنگھم میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہر مظاہرے کے دوران وہ جذبات کی رو میں بہہ گئے تھے، جس کے باعث ان کے الفاظ اور انداز بیان درست نہیں رہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ مظاہرے کے دوران دیے گئے بیانات ان کے جذباتی ردعمل کا نتیجہ تھے اور ان کا مقصد کسی کی دل آزاری یا اشتعال پیدا کرنا نہیں تھا۔
شیخ عمران نے کہا کہ وہ محب وطن کشمیری پاکستانی ہیں اور پاکستان سے گہری محبت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگی۔
ویڈیو میں انہوں نے پاکستان، پاک فوج اور آزاد کشمیر پولیس کے حق میں نعرے بھی لگائے اور کہا کہ وہ ملک کی سالمیت اور استحکام کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔



