سی اے اے کے متضاد احکامات: فضائی عملے کے ڈیوٹی اوقات پر ابہام پیدا ہو گیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) کی جانب سے فضائی عملے کے ڈیوٹی اوقات اور لازمی آرام کے حوالے سے متضاد ہدایات سامنے آنے کے بعد شعبۂ ہوا بازی میں سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 5 جون کو ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈ سی اے اے کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں تمام ایئرلائنز کے لیے فضائی عملے کو 12 گھنٹے ڈیوٹی کے بعد لازمی آرام دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔
تاہم اسی روز جاری ہونے والے ایک دوسرے حکم نامے میں اس ہدایت کے برعکس مؤقف اختیار کیا گیا، جس کے تحت ایئرلائنز کو کریو ڈیوٹی ٹائمنگ کے حوالے سے اپنی سابقہ یا طے شدہ روسٹر پالیسی کے مطابق کام جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔
دو مختلف ہدایات کے بعد ایوی ایشن سیکٹر میں ریگولیٹری کنفیوژن پیدا ہو گیا ہے، جبکہ فضائی عملے کے ڈیوٹی اوقات اور آرام کے معیارات پر بھی بحث شروع ہو گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس صورتحال نے نہ صرف پالیسی کے نفاذ پر سوالات اٹھا دیے ہیں بلکہ فضائی حفاظت اور عملے کی فٹنس کے حوالے سے بھی تشویش پیدا کی ہے۔


