سابق نگران وفاقی وزیر گوہر اعجاز کی تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بوجھ کم کرنے کیلئے تجاویز

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سابق نگران وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے حکومت اور پارلیمنٹ کو اہم تجاویز پیش کر دی ہیں۔
گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو دیا جانے والا مجوزہ ٹیکس ریلیف ناکافی ہے، جبکہ ماہانہ 15 لاکھ روپے سے کم آمدنی والے افراد پر ٹیکسوں کا بوجھ بہت زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھاری ٹیکسوں کی وجہ سے متوسط طبقے کو بجلی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی، بچوں کی تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے تجویز دی کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس کے صرف تین سلیب مقرر کیے جائیں۔ ان کے مطابق ماہانہ ایک سے پانچ لاکھ روپے آمدنی پر 5 فیصد، پانچ سے دس لاکھ روپے آمدنی پر 10 فیصد اور 15 لاکھ روپے سے زائد آمدنی پر 20 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے۔
گوہر اعجاز نے زور دیا کہ متوسط طبقے کو زیادہ مالی گنجائش دی جائے تاکہ وہ خرچ کر سکے، کیونکہ معیشت میں گردشِ زر بڑھنے سے حکومت کی ٹیکس وصولیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تنخواہ دار طبقے کو مزید ٹیکس ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ معاشی دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔


