قلعہ عبداللہ میں شادی کی تقریب ماتم میں بدل گئی، ہوائی فائرنگ سے 2 نوجوان جاں بحق


قلعہ عبداللہ(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں شادی کی ایک تقریب اس وقت افسوسناک سانحے میں تبدیل ہوگئی جب ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 2 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات گلستان کے علاقے میں پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب کے دوران منعقدہ میوزک پروگرام میں ہوائی فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوانوں کا تعلق ٹوبہ اچکزئی سے ہے۔ نعشوں کو ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام نے بتایا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔