کراچی سمیت سندھ میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری، پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں کلین سوئپ کرے گی، شرجیل میمن

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے باعث اگرچہ شہریوں کو یونیورسٹی روڈ پر مشکلات کا سامنا ہے، تاہم مستقبل میں ان منصوبوں سے ٹریفک اور سفری مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پریشانی سے بچانے کے لیے سندھ حکومت نے بعض سخت فیصلے کیے ہیں، جبکہ (شاہراہِ بھٹو) کے کھلنے سے عوام کو بڑی سہولت ملی ہے اور سفر کے دوران وقت کی نمایاں بچت ہو رہی ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی ملک بھر کے شہریوں کے لیے روزگار، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کا مرکز ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پورے پاکستان میں سب سے زیادہ صحت کی سہولیات کراچی میں موجود ہیں اور ملک کے مختلف علاقوں سے مریض یہاں آکر مفت علاج کروا رہے ہیں۔ انہوں نے گمبٹ انسٹی ٹیوٹ میں فراہم کی جانے والی مفت طبی سہولیات کا بھی ذکر کیا۔
سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے صوبے بھر میں سڑکوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر کام کیا ہے، جبکہ وفاق کے زیر انتظام بعض شاہراہوں کی حالت اب بھی تسلی بخش نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک کے مسئلے کے حل کے لیے ناردرن بائی پاس پر جدید ٹرمینلز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
رہائشی منصوبوں کے حوالے سے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ جاری ہے، جس کے تحت 21 لاکھ افراد کو گھر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے تھر کول منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے تھر کے کوئلے پر ایک ارب ڈالر خرچ کیے ہیں، جس کے نتیجے میں سستی بجلی پیدا ہو رہی ہے اور پورا ملک اس سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔
سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے دعویٰ کیا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کلین سوئپ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر جماعتوں کے جلسے کارنر میٹنگز جیسے تھے اور انتخابی مہم کے دوران بعض رہنماؤں کی جانب سے استعمال کی گئی زبان افسوسناک تھی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض وفاقی وزراء نے انتخابی مہم کے دوران ایسے ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کیے جو الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کے منافی ہیں۔



