پشاور ہائیکورٹ کا بڑا حکم، گریڈ 17 سے اوپر ملازمین کی مفت بجلی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) پشاور ہائیکورٹ نے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے سے متعلق حکومتی نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو عارضی طور پر اس پر عملدرآمد سے روک دیا ہے۔
عدالت نے یہ حکم ٹرائل ایریا الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ملازمین کی جانب سے دائر درخواست پر جاری کیا۔ تحریری حکم نامے کے مطابق وفاقی حکومت کے 5 دسمبر 2023 اور 6 مئی 2026 کے نوٹیفکیشنز پر مزید کارروائی روک دی گئی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مفت بجلی کی سہولت ملازمین کی سروس شرائط اور ملازمت کے بنیادی معاہدے کا حصہ ہے، لہٰذا اس کا یکطرفہ خاتمہ قانونی تقاضوں کے منافی ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ یہ اقدام آئین کے مختلف آرٹیکلز سے متصادم ہے۔
عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت سابق نگران حکومت کے دور میں ختم کی گئی تھی، جبکہ درخواست گزاروں کے مطابق نگران حکومت کو ایسے پالیسی فیصلے کرنے کا اختیار حاصل نہیں تھا۔
پشاور ہائیکورٹ نے کیس کے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 18 جون تک ملتوی کر دی ہے۔
اس فیصلے کے بعد گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے متعلقہ ملازمین کے لیے مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کا حکومتی فیصلہ تاحکمِ ثانی مؤثر نہیں رہے گا۔



