صدر زرداری کی سویڈن کو قومی دن پر مبارکباد، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)صدر مملکت آصف علی زرداری نے سویڈن کے قومی دن کے موقع پر حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان Sweden کے ساتھ اپنے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1949 میں قائم ہونے والے پاک سویڈن تعلقات باہمی احترام، امن اور بین الاقوامی تعاون کے مشترکہ اصولوں پر استوار ہیں۔
آصف علی زرداری نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قابلِ تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، ٹیکسٹائل اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں مزید اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور آنے والے برسوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔
انہوں نے سویڈن کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے رشتے مزید مضبوط ہونے کی امید ظاہر کی۔



