بجٹ 2026-27: سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری، تنخواہوں میں 15 فیصد تک اضافے کی تجویز

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد تک اضافے کی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں بجٹ سے متعلق ایک اہم غیر رسمی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں نئے مالی سال کے بجٹ، ترقیاتی پروگرام، ٹیکس پالیسی، تنخواہوں اور پنشن میں اضافے سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو بجٹ کے اہم نکات پر بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ افراطِ زر کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔

تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ دستیاب مالی وسائل اور حکومتی گنجائش کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی ورکنگ تیار کی جائے جس سے ملازمین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق تنخواہوں اور پنشن میں حتمی اضافے کا فیصلہ اتحادی جماعتوں سے مشاورت اور بجٹ منظوری کے عمل کے بعد کیا جائے گا۔

سرکاری ملازمین کی نظریں اب آئندہ بجٹ پر مرکوز ہیں، جہاں تنخواہوں میں ممکنہ اضافے کو مہنگائی کے اثرات کم کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button