امریکا نے عمان کو آبنائے ہرمز میں ایران کی مدد کرنے پر دھمکی دیدی

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکانے صدرڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کی توسیع کرتے ہوئے عمان کو آبنائے ہرمز میں ٹول وصول کے نظام کے لیے ایران کی مدد کرنے کی صورت میں بدترین پابندیوں کی تنبیہ کردی ہے۔
امریکی سیکریٹری خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ واشنگٹن کسی بھی ایسے ملک کو برداشت نہیں کرے گا جو اسٹریٹجک بحری تجارتی گزرگاہ سے جانے والے کمرشل جہاوں پر فیس عائد کرے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر عمان کو سمجھ لینا چاہیے کہ امریکی وزارت خزانہ آبنائے ہرمز کے لیے ٹول کی سہولت کاری میں بالواسطہ یا بلاواسطہ ملوث کسی بھی ریاست کو جارحانہ انداز میں نشانہ بنائے گا اور کسی بھی شراکت دار کو سزا دی جائے گی۔اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ تمام ممالک کو آبنائے ہرمز سے آزادانہ تجارتی سرگرمیوں میں خلل ڈالنے کے لیے ایران کی کوششوں کو یکسر مسترد کردینا چاہیے، تہران کی جانب سے خطے اور دنیا بھر کو دہشت زدہ کرنے کے دن چلے گئے ہیں۔


