امریکا کی ایرانی آبنائے ہرمز اتھارٹی پر پابندی عائد کرنے کا اعلان

واشنگٹن (جانوڈاٹ پی کے )امریکا نے بحری جہازوں کو گزرنے کی اجازے دینے کیلیے ٹول لینے پر ایرانی آبنائے ہرمز اتھارٹی پر پابندی عائد کر دی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کی ’پرشین گلف اسٹریٹ اتھارٹی‘ پر پابندی عائد کی۔ امریکا نے الزام لگایا کہ ادارہ تجارتی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کیلیے ٹیکس ادا کرنے پر مجبور کر کے پاسداران انقلاب کے ایک بھتہ خور ونگ کے طور پر کام کر رہا ہے۔

محکمہ خزانہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایرانی اتھارٹی بحری جہازوں کو آبنائے سے محفوظ گزرگاہ فراہم کرنے کے بدلے غیر قانونی ٹول ادا کرنے اور حساس معلومات فراہم کرنے پر مجبور کرتی ہے۔

’عالمی بحری تجارت سے بھتہ لینے کی ایرانی فوج کی یہ تازہ ترین کوشش اس بات کا ثبوت ہے کہ آپریشن اکنامک فیوری نے ایرانی حکومت کو نقد رقم کیلیے مایوس کر دیا ہے۔‘

امریکا نے خبردار کیا کہ کوئی بھی شخص یا ادارہ جو اس اتھارٹی کے ساتھ تعاون کرے گا بشمول مروجہ کرنسی، ڈیجیٹل اثاثوں، آفسیٹس، غیر رسمی تبادلوں یا دیگر اشیا کی صورت میں ٹیکس کی ادائیگیوں کے ذریعے اسے امریکی پابندیوں کے خطرے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے ساتھ امریکا-اسرائیل جنگ کے آغاز کے بعد سے آبنائے ہرمز بڑھتی ہوئی کشیدگی کا مرکز بنی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے علاقائی توانائی کی ترسیل میں خلل پڑا ہے اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

عالمی سطح پر تیل کی سپلائی کا تقریباً 20 فیصد حصہ روزانہ اس آبنائے سے گزرتا ہے، اور بڑھتی ہوئی عدم تحفظ کی وجہ سے بحری جہاز رانی اور انشورنس دونوں کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button