ملتان: ایچ آئی وی پازیٹو مریض کی سرجری کا معاملہ، 9 ڈاکٹر، 1 نرس معطل


ملتان(جانوڈاٹ پی کے) نشتر ہسپتال ملتان میں مشتبہ ایچ آئی وی پازیٹو مریض کی سرجری کے معاملے پر 9 ڈاکٹروں اور ایک نرس کو معطل کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری مکمل ہونے تک متعلقہ عملے کے خلاف کارروائی جاری رہے گی، جبکہ پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کرنے والے ڈاکٹروں کی ٹریننگ بھی فوری طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق معطل کیے گئے تمام ڈاکٹرز کو بغیر اجازت سٹیشن چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے 4 رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 3 روز قبل شعبہ سرجری کے ڈاکٹروں نے مبینہ طور پر بغیر ایچ آئی وی رپورٹ کے ایک مریض کی سرجری کی تھی، جس کے بعد رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ مریض ایچ آئی وی پازیٹو تھا۔
ایم ایس نشتر ہسپتال کے مطابق آپریشن تھیٹر میں کام کرنے والے 10 سے زائد ڈاکٹروں اور عملے کے افراد کے ایچ آئی وی ٹیسٹ بھی کرائے گئے ہیں۔