مارکیٹوں کے اوقات کار سے متعلق فیصلہ تاجروں ،صنعتکاروں کی تجاویز، مسائل اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا، شرجیل انعام میمن

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)حکومتِ سندھ نے کاروباری برادری اور عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے تمام دکانوں، مارکیٹس، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس، شادی ہالز اور مارکیز کو قبل ازیں مقرر کردہ بندش کے اوقات سے استثنیٰ دے دیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تمام دکانوں، مارکیٹس، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس، شادی ہالز اور مارکیز کو مقرر کردہ بندش کے اوقات سے مستثنیٰ کر دیا گیا ہے، اب کاروباری مراکز سابقہ پابندیوں کے بغیر معمول کے مطابق اپنے اوقاتِ کار جاری رکھ سکیں گے۔
ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹڑانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے لیے مخصوص اوقات توانائی کے تحفظ اور کفایت شعاری پالیسی کے تحت مقرر کیے گئے تھے، تاہم تاجروں اور صنعتکاروں کی تجاویز، مسائل اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، شہری سہولت اور معیشت کے استحکام پر یقین رکھتی ہے اور ہمیشہ عوامی مفاد اور مشاورت کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں بھی حکومتِ سندھ نے عوام اور کاروباری طبقے کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا ہے اور آئندہ بھی ایسے فیصلے کیے جائیں گے جو معیشت، روزگار اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوں۔



