اے آئی سے نازیبا تصاویر بنا کر ٹیچر کو بلیک میل کرنے والا سکیورٹی گارڈ گرفتار


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سکول ٹیچر کی اے آئی کے ذریعے نازیبا تصاویر بنا کر بلیک میل کرنے والے سکیورٹی گارڈ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
متاثرہ خاتون کی شکایت پر ایس ایچ او شالیمار علی حسن نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی۔ ایس پی سِول لائنز کے مطابق ملزم رمضان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے خانیوال سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم جعلی تصاویر وائرل کرنے کی دھمکیاں دے کر خاتون ٹیچر سے رقم کا مطالبہ کرتا رہا، جبکہ وہ نوکری چھوڑ کر خانیوال فرار ہو گیا تھا اور مختلف نمبروں سے رابطے جاری رکھے ہوئے تھا۔
مزید بتایا گیا کہ ملزم خاتون ٹیچر پر ناجائز تعلقات قائم کرنے کے لیے بھی دباؤ ڈالتا رہا۔ پولیس نے ملزم کے زیر استعمال موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل شواہد قبضے میں لے لیے ہیں۔
ایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہراساں اور بلیک میلنگ میں ملوث عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔