گورنر خیبرپختونخوا کی سہیل آفریدی کوعیدالاضحیٰ کے پیش نظرلاک ڈاؤن ختم کرنے کی تجویز

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی عیدالاضحیٰ کے پیش نظر پنجاب طرز پر لاک ڈاؤن ختم کرنے کی تجویز دے دی۔
گورنر خیبرپختونخوا کے پریس سیکرٹری نے بیان میں کہا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور وزیر اعلیٰ کو پنجاب کی طرز پر لاک ڈاؤن کے خاتمے کی تجویز پیش کی۔
بیان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے دکانوں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس کو استثنیٰ دینے کی تجویز دی اور وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے گورنر فیصل کریم کنڈی کی تجاویز سے اتفاق کیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ دکانوں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کے اوقات کار میں نرمی سے تاجر برادری کا مالی نقصان کم ہوگا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، کاروباری سرگرمیوں کی بحالی سے صوبے کی معیشت کو استحکام ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کو درپیش مشکلات کا ادراک ہے، حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرے۔
اس موقع پر گورنر اور وزیر اعلیٰ کے درمیان صوبے کی مجموعی صورت حال اور عوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور عوامی سہولت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔



