وزیر خزانہ کی ٹیم کے ہمراہ آئی ایم ایف مشن سے ملاقات، معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) عالمی مالیاتی فنڈ کے وفد کی آئندہ مشاورتی بجٹ کیلئے وزارت خزانہ آمد ہوئی، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے معاشی ٹیم کے ہمراہ آئی ایم ایف مشن سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران بجٹ کی تیاریوں اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات کے دوران معاشی اصلاحات پر تفصیلی بات چیت کی گئی، حکومت کے معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے ایجنڈے پر بھی بات ہوئی، میکرواکنامک آؤٹ لک پر وزیر خزانہ اور مشن کے درمیان مشاورت ہوئی۔

آئی ایم ایف کی قیادت ایواپیٹرووا نے کی، ملاقات میں سٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد، چیئرمین ایف بی آر شریک ہوئے، سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

قبل ازیں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد بجٹ مذاکرات کے تعارفی سیشن کے بعد وزارت خزانہ پہنچا، آئی ایم ایف وفد کا وزارت خزانہ کے حکام کے ساتھ تعارفی سیشن ہوا جس کے ساتھ بجٹ مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔

وزارت خزانہ حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کے دوران نئے بجٹ اہداف، ٹیکس ریونیو اور مالی اصلاحات پر تبادلہ خیال ہوگا، توانائی اصلاحات اور نجکاری میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا، آئی ایم ایف وفد کے ساتھ مشاورت سے نیا وفاقی بجٹ تیار کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ کے درمیان اہم میٹنگز شیڈول ہیں، آئی ایم ایف وفد سے سٹیٹ بینک حکام کے مذاکرات بھی شیڈولڈ ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کیلئے وفاقی بجٹ کی تیاریاں آئندہ ہفتے تک مکمل کر لی جائیں گی، بجٹ موجودہ صورتحال کے تناظر کے مطابق بنایا جائے گا، وفد کی مشاورت کے ساتھ طے شدہ اہداف کی پارلیمنٹ سے منظوری لی جائے گی، آئی ایم ایف کی جانب سے مقررہ اہداف کی پارلیمنٹ سے منظوری شرط ہے۔

یاد رہے کہ بجٹ مذاکرات کیلئے آئی ایم ایف وفد 20 مئی تک پاکستان میں قیام کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button