ذمہ دارانہ صحافت ہی حقیقی آزادی کا بنیادی تقاضا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ذمہ دارانہ صحافت ہی حقیقی آزادیِ صحافت کا بنیادی تقاضا ہے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے صحافی کٹھن اور مشکل حالات میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کے تدارک کے لیے بلوچستان کی پہلی سوشل میڈیا پالیسی متعارف کرائی جا رہی ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ مثبت تنقید حکومتی اصلاح کا مؤثر ذریعہ ہے، اسے ہمیشہ خوش آئند قرار دیتے ہیں، قومی میڈیا صرف جرائم کی خبروں تک محدود نہ رہے بلکہ بلوچستان کے سماجی مسائل اور مثبت پہلوؤں کو بھی اجاگر کرے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز کی جانب سے بیورو دفاتر کی بندش اور عملے کی برطرفی پیمرا معاہدوں کی خلاف ورزی ہے، ڈیجیٹل دور میں خبروں کی تصدیق صحافیوں کی اہم اخلاقی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حق و صداقت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافی ریاست کا فخر ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، تمام نجی ٹی وی چینلز بلوچستان میں اپنے بیورو دفاتر فعال بنائیں، حکومت مکمل سکیورٹی فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے زور دیا کہ آزادیِ صحافت اور سچائی پر مبنی رپورٹنگ پاکستان کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔



