روس نے چین کو توانائی ضروریات پوری کرنے میں مدد کی پیشکش کردی

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے)روس نے ایران امریکا جنگ کے باعث عالمی سپلائی متاثر ہونے پر چین کو توانائی ضروریات پوری کرنے میں مدد کی پیشکش کر دی۔بدھ کو روسی وزیر خارجہ سرگئی لارؤف نے بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں مشرق وسطیٰ جنگ اور اس سے پیدا توانائی کے بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی وزیرخارجہ نے پریس کانفرنس میں کہا روس چین اور مشرق وسطیٰ کے بحران سے متاثرہ دیگر ممالک کو توانائی کی فراہمی کیلئے تیار ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے چین اور روس کی اس صلاحیت پر بھی بات کی کہ وہ امریکا کی ایران کے خلاف جارحانہ فوجی کارروائیوں کے معاشی اثرات کو برداشت کر سکتے ہیں، جن کے باعث عالمی تیل اور گیس کی قیمتوں میں شدید اضافہ ہوا ہے۔روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ شکر ہے کہ ہمارے اور چین کے پاس تمام تر صلاحیتیں موجود ہیں، چاہے وہ استعمال میں ہوں، محفوظ رکھی گئی ہوں یا منصوبہ بندی کے مرحلے میں ہوں تاکہ ہم اس قسم کی جارحانہ مہم جوئی پر انحصار سے بچ سکیں، جو عالمی معیشت اور عالمی توانائی کو نقصان پہنچاتی ہے۔



