ایران نے جنگ کے دوران چینی سیٹلائٹس کی مدد سے امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا، فنانشل ٹائمز کا دعویٰ

واشنگٹن (ویب ڈیسک) بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک خفیہ دستاویز کے مطابق ایران نے مبینہ طور پر ایک چینی جاسوس سیٹلائٹ کے ذریعے امریکا اور خلیجی ممالک کی اہم فوجی تنصیبات کی نگرانی کی۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 2024 کے آخر میں چینی سیٹلائٹ TEE-01B کو ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے حاصل کیا، جس کے بعد اسے امریکی اور اتحادی افواج کی تنصیبات کی نگرانی کے لیے استعمال کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیٹلائٹ کے ذریعے مارچ کے دوران متعدد حساس مقامات کی تصاویر لی گئیں، جن میں سعودی عرب، اردن، بحرین، عراق، کویت، جبوتی اور عمان کے فوجی و اہم تنصیبات شامل ہیں۔
مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ کچھ شہری انفرااسٹرکچر جیسے بندرگاہیں اور صنعتی علاقے بھی نگرانی میں رکھے گئے، جبکہ سیٹلائٹ کی ریزولوشن تقریباً آدھے میٹر تک بتائی گئی ہے۔
دوسری جانب چینی حکومت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غیر مصدقہ معلومات کے پھیلاؤ کی مخالفت کرتی ہے اور ہمیشہ پرامن تعاون کے اصولوں پر عمل پیرا ہے۔



