وزیراعلیٰ پنجاب نے مفت میت منتقلی سروس کا آغاز کر دیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان کی پہلی مفت سرکاری میت منتقلی سروس کا آغاز کر دیا۔
ذرائع کے مطابق میت منتقلی سروس کی پہلے فیز میں لاہور، ملتان اور راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں سے تکریم کے ساتھ میت بلامعاوضہ گھر منتقل کی جائے گی، تاہم جون تک میت منتقلی سروس کا دائرہ کار بتدریج پنجاب کی ہر تحصیل تک شروع کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہرتحصیل میں ”Deceased Care Service“ میت منتقلی کے لئے مخصوصی ایمبولینس مہیا کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے لئے گاڑیوں کی چابیاں حوالے کیں، میت منتقلی سروس گاڑیوں کا معائنہ کیا، جبکہ منتقلی سروس کے ریسکیو اہلکاروں سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ریسکیو اہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے اور رضائے الٰہی کے تحت فرائض انجام دیں، مریض کے انتقال کی صورت میں سوگوار خاندان کو دلاسہ اور معاونت فراہم کرنا بھی اس سروس کا حصہ ہوگا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ہسپتالوں میں میت کی منتقلی پر پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے من مانے کرائے وصول کرنا افسوسناک ہے اور ریسکیو اہلکار اگر کوئی ذاتی طور پر پیسے دینے کی کوشش کرے تو اسے قبول نہ کیا جائے، دکھ کی اس گھڑی میں حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔



