کوئٹہ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق، تین زخمی

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اچانک پیش آیا جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نعشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب واقعے کے خلاف لواحقین اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا اور مغربی بائی پاس روڈ کو بلاک کر دیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی مکمل طور پر معطل ہوگئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش بھی جاری ہے تاکہ شاہراہ کو جلد از جلد ٹریفک کیلئے بحال کیا جا سکے۔



