مفتی تقی عثمانی اور مفتی منیب الرحمان نے ایران امریکا مذاکرات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کردیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)مفتی تقی عثمانی اور مفتی منیب الرحمان نے ایران امریکا مذاکرات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کردیا۔پاکستان کے جید علمائے کرام مفتی تقی عثمانی اور مفتی منیب الرحمان نے پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے امریکا ایران مذاکرات کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کردیا۔ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ایران امریکا جنگ رکوانے میں پاکستانی قیادت کو اللہ تعالی نے انتہائی نازک اور متوازن کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائی ہے۔مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ آج جو مذاکرات ہونے والے ہیں ان کی کامیابی پر عالم اسلام بلکہ پوری دنیا کا مفاد وابستہ ہے، وزیر اعظم نے اس موقع پر عوام سے دعا کی اپیل کی ہے، اس لیے ہم سب کو دعا میں مصروف رہنا چاہیے۔مفتی منیب الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی شبانہ روز کوششوں سے ایران امریکہ مذاکرات کیلئے تیار ہوئے۔ ایران امریکہ مذاکرات پاکستان کی سفارتی سطح پر بڑی کامیابی ہے، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ مذاکرات میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، چین اور سعودی عرب نے بھی پس پردہ کردار ادا کیا۔



