وزیر اعظم کا ڈیزل کی قیمت میں 135 اور پیٹرول کی قمیت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈیزل کی قیمت میں 135 اور پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف قوم سے اہم خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 135روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کی کمی کا اعلان کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈیزل کی نئی قیمت 385روپے اور پیٹرول کی نئی قیمت 366روپے ہوگی۔
ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلیج میں اب جنگ نہیں امن کی باتیں ہورہی ہیں، جو فریقین کل جنگ میں آمنے سامنے تھے آج بات چیت پر تیار ہوچکے ہیں، اس پیش رفت پر برادر ملک ایران اور امریکی قیادت کا شکریہ اداکرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں میری جنگ بندی کی تجویز قبول کی شکریہ ادا کرتا ہوں، دونوں ممالک کی قیادت اسلام آباد تشریف لارہی ہیں، اس میزبانی کا یہ شرف صرف پاکستان کیلئے نہیں عالم اسلام کیلئے لمحہ فخریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے دن رات کام کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے آگ کے شعلے بجھانے اور مذاکرات کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ان خدمات کو تاریخ ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھے گی ، درخواست ہے عوام دعا کریں کہ اللہ مذاکرات کو کامیاب کرے ۔
وزیر اعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے گفتگو میں کہا کہ وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہوگی فائدہ عوام تک پہنچاؤں گا، آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کچھ کمی ہوئی ہے ، مہنگائی کو روکنے کے لیے حکومت نے 129 ارب روپے خرچ کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سے کہا گیا کہ تیل کی قیمت میں کمی کا کچھ حصہ عوام تک پہنچایا جائے ، مجھے کہا گیا کہ تیل کی قیمت میں کچھ حصہ اخراجات میں کمی پر لگایا جائے ، میں نے یہ تجویز مسترد کردی ہے ، خود مشاہدہ کیا کہ عوام نے صبر اور تحمل سے مہنگائی کا بوجھ برداشت کیا، اب تیل کی قیمت میں کمی پر میری ذمہ داری ہے کہ یہ کمی عوام تک پہنچے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے دیگر ذرائع سے کچھ وسائل جمع کرکے اپنا بھرپور حصہ ڈالا ، اس وقت کسان کے لیے لاگت کم کرنا بہت ضروری ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے مشکل حالات میں کبھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا ، میری پہلی ترجیح ہمیشہ عوام تھے اور ہیں ، قوم صرف حکومتی فیصلوں سے نہیں عوام کے نظم ضبط ،اتحاد سے ترقی کرتی ہے ، موٹرسائیکل ، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کیلئے سبسڈی جاری رہے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 80 روپے کمی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد 458 روپے فی لیٹر سے 378 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔



