وزیراعظم شہباز شریف سے برطانوی وزیراعظم کاٹیلیفونک رابطہ، امن مذاکرات پر پاکستان کی کوششوں کی تعریف

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کو برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے ٹیلیفون کیا، جس میں باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور امن کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور خاص طور پر امریکہ-ایران جنگ بندی میں پاکستان کے مؤثر کردار اور مذاکراتی عمل میں سہولت کاری کی تعریف کی۔ انہوں نے اسلام آباد میں امن مذاکرات کی میزبانی پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد بھی دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان تعمیری سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے یورپی اور عالمی رہنماؤں کے مشترکہ اعلامیے کا خیرمقدم کیا جس میں پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت کی گئی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جنگ بندی کو برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے تاکہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا سکے۔

گفتگو میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی وزیراعظم کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی، جس کا خیرمقدم کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button