3 لاکھ 31 ہزار کاشتکاروں کو ہاری کارڈ کے ذریعے سبسڈی فراہم کردی گئی،شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے موجودہ معاشی حالات کے پیش نظر کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے فیول سبسڈی کے مد میں اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے، صوبے بھر میں 3 لاکھ 31 ہزار کاشتکاروں کو ہاری کارڈ کے ذریعے فیول سبسڈی فراہم کردی گئی ہے۔

ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فیول سبسڈی میں مجموعی طور پر 3 ارب روپے شفاف انداز میں جاری کیے گئے،  یہ سبسڈی 19 لاکھ 40 ہزار ایکڑ زرعی رقبے کے لیے دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے لئے فیول سبسڈی کا مقصد کسانوں کے پیداواری اخراجات میں کمی اور ان کی آمدن میں اضافہ یقینی بنانا ہے، فیول سبسڈی کی تمام رقوم تصدیق شدہ ڈیٹا کی بنیاد پر براہِ راست کاشتکاروں تک منتقل کی گئیں، براہ راست رقوم کی منتقلی سے حکومت کی جانب سے سئو فیصد شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، گذشتہ برس ہاری کارڈ کے تحت کھاد کی صورت میں دی جانے والی حکومتی امداد کے باعث گندم کی فصل میں  اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی امداد کے نتیجے میں گندم کی پیداوار 3 اعشاریہ 5 ملین میٹرک ٹن سے بڑھ کر 4 اعشاریہ 8 ملین میٹرک ٹن تک پہنچ گئی، زرعی پیداوار میں اضافے، معاشی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لئے سندھ حکومت ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button