وفاقی دارالحکومت میں حساس مقامات کی نگرانی بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت سینئر پولیس افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اسلام آباد پولیس، پنجاب پولیس اور ایف سی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے مجموعی انتظامات، بالخصوص غیر ملکی وفود کی آمد کے پیشِ نظر فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جامع حکمتِ عملی پر تفصیلی گفتگو کی۔ بین الصوبائی ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنانے، مشترکہ آپریشنز کو بہتر انداز میں ترتیب دینے، حساس مقامات کی نگرانی بڑھانے کے ساتھ ساتھ ٹریفک مینجمنٹ کو بھی مؤثر اور منظم بنانے پر خصوصی زور دیا تاکہ شہریوں کو کم سے کم دشواری کا سامنا ہو اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔

آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے قریبی رابطے میں رہیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں، جبکہ سکیورٹی کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے بہترین انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کے تحفظ کے ساتھ غیر ملکی مہمانوں کو محفوظ اور پُر امن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Image

مزید خبریں

Back to top button