پاکستان کی عالمی سفارتکاری قابل ستائش،داخلی پالیسی میں تضاد ہے،مصطفیٰ نواز کھوکھر

اسلام آباد(ڈاٹ پی کے)اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سینئر نائب صدر مصطفی نواز کھوکھر نے عالمی سفارتی محاذ پر پاکستان کی کامیابی کو سراہتے ہوئے داخلی محاذ پر تنقدی کا نشانہ بنادیا۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ حکومت کی اس سفارتی کامیابی کو عالمی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے اور یہ بات قابلِ تحسین ہے کہ پاکستان نے امن، مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے ایک فعال کردار ادا کیا۔ ایسے وقت میں جب دنیا مختلف تنازعات اور جنگی خطرات سے دوچار ہے، پاکستان کا یہ کردار یقیناً قابلِ ستائش ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کی داخلی پالیسی ایک تضاد کا منظر پیش کرتی ہے۔بیرونِ ملک امن، مکالمے اور مفاہمت کا پیغام دینے والی حکومت کے اپنے ملک میں طرزِ عمل پر سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں۔ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کے مطابق، “خان صاحب اور ان کی اہلیہ کو تقریباً 24 گھنٹے تک اذیت ناک تنہائی میں رکھا جا رہا ہے، جہاں انہیں کتابوں، ٹی وی، اہلِ خانہ اور وکلا تک رسائی حاصل نہیں۔”

اگر یہ الزامات درست ہیں تو یہ صورتحال انصاف، انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کے لیے تشویشناک ہے۔

حکومت کی بین الاقوامی سفارتی کامیابیوں کو سراہنا اپنی جگہ ضروری ہے، مگر یہ کامیابیاں ملک کے اندر ہونے والی ناانصافیوں سے توجہ ہٹانے کا جواز نہیں بن سکتیں۔ ایک مضبوط اور باوقار ریاست وہی ہوتی ہے جو بیرونی دنیا میں امن کا علمبردار ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے شہریوں کو بھی انصاف، آزادی اور بنیادی حقوق فراہم کرے۔

 

مزید خبریں

Back to top button