تحریک انصاف کو راولپنڈی جلسے کی اجازت نہیں ملی،درخواست مسترد

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف کے لیاقت باغ میں جلسے کے لیے این او سی کی درخواست مسترد کر دی۔این او سی جاری نہ کرنے کے حوالے سے پی ٹی آئی راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری عاقل خان کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق امن و امان کی موجودہ صورتحال اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی (DIC) کے اجلاس میں اس معاملے پر غور کیا گیا، جس میں موجودہ خطرے کے اسپیکٹرم کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا گیا کہ عوامی اجتماعات میں شرکا کے جان و مال کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔مزید بتایا گیا کہ راولپنڈی میں دفعہ144بھی نافذ ہے جبکہ لیاقت باغ کی سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے حفاظتی وسائل کی بڑے پیمانے پر تعیناتی حکومتی کفایت شعاری پالیسی کے تحت ممکن نہیں۔انتظامیہ کے مطابق موجودہ حالات میں عوامی اجتماع کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری انتظامی، لاجسٹک اور مالی ضروریات کو پورا کرنا ایک چیلنج ہے، اسی لیے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں جلسے کے این او سی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

مزید خبریں

Back to top button