قوم کاوقاربلند،خطے اور دنیاکو آگ کے شعلوں سے بچا کر پر امن بنانا ہے،وزیر اعظم،جمعہ کو یوم تشکر کا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)حکومت نے امریکا ایران جنگ بندی پر آئندہ جمعہ کو یوم تشکر منانےکافیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جہاں کابینہ نے پاکستان کی کوششوں سے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی کامیاب جنگ بندی پر آئندہ جمعہ کو یوم تشکر منانےکا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم کی آمد پر کابینہ ارکان نے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا اور کھڑے ہوکر تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔کابینہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا ایران جنگ بندی کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات پر ارکان کو بریف کیا۔وزیراعظم نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں اہم کردار ادا کرنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا ذکر کیا جب کہ اس دوران فیلڈ مارشل کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے، پاکستان کا وقار دنیا میں بلند ہوا، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکی کاوشیں لائق تحسین ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کئی راتیں جاگتے رہے ، ان کے امریکی قیادت سے رابطے رہے، انہوں نے امریکی اور ایرانی لیڈرشپ سے بات کی، میں نے اپنے پورے کریئر میں اس طرح کا سیاسی و عسکری ربط نہیں دیکھا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بھی انتھک محنت کی، عارضی جنگ بندی کو مستقل جنگ بندی میں تبدیل کریں گے، پاکستان امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،خطے اور دنیاکو آگ کے شعلوں سے بچا کر پر امن بنانا ہے۔

وزیراعظم نےکہا کہ پاکستان کو امریکا ایران مزاکرات کی میزبانی کا شرف حاصل ہو رہا ہے، اللہ نے پاکستان کا وقار بلندکیا،صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خلوص اور نیک نیتی کے نکتے پر سیاسی اور عسکری قیادت متفق تھی، سیاسی اور عسکری قیادت یکسو تھی، یکسو ہے اور ہمیشہ یکسو رہےگی،ہم جتنی بھی کوشش کرلیتے اگر اللہ کو منظور نہ ہوتا تو یہ ممکن نہیں تھا، اس جنگ کے شعلے دو ہفتے کے لیے بجھ گئے ہیں، اللہ کو منظور ہوا تو ہمیشہ کے لیے بجھ جائیں گے، اللہ نے پاکستان کو جو عزت دی وہ تاریخی ہے، جنگ کے دوران بھائی کو بھائی سے لڑانےکی کوشش کی جارہی تھی، فروعی مسائل پیدا کرکے مختلف مکاتب فکر کے مسلمانوں کو لڑانے کی کوشش کی جارہی تھی، بڑی اندرونی اور بیرونی سازشیں بھی ہوئیں،مایوسی کی حالت میں مایوس نہیں ہوتے، ایرانی اور امریکی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کے خلوص کو پذیرائی دی، جنگ بندی پر سعودی عرب ، چین اور خلیجی ملکوں کا بھی شکرگزار ہوں، پاکستان اور سعودی عرب دو بھائی اور ایک خاندان ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسی کہانی ہے جسے کتاب کی شکل میں لائیں تو آئندہ نسلوں کے لیے بہت بڑا سبق ہوگا، جب رب پر توکل ہو تو رب تعالیٰ پھر اس طرح مددکرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میری گزشتہ روز محمد بن سلمان سےبات ہوئی، میں نے محمد بن سلمان سے سعودی عرب میں حملے پر اظہارافسوس کیا، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے، میں نے سعودی ولی عہد سے کہا کہ پاکستان قوم ہر مشکل میں ساتھ کھڑی ہوگی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میری دعوت پر امریکی اور ایران کا وفد پرسوں پاکستان آرہا ہے،جس طرح طوفان خیز مہنگائی کو کنٹرول کیا یہ معمولی بات نہیں،صدر مملکت نے ہماری معاونت اور رہنمائی کی شکریہ ادا کرتا ہوں، نوازشریف نے اپنے زندگی بھر کے تجربہ سے ہماری رہنمائی کی ،معاونت پر بلاول بھٹو، خالد مقبول صدیقی ، چوہدری شجاعت، عبدالعلیم خان کا شکریہ ، ہماری معاونت کرنے پر چاروں وزرائے اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، وزرا کی ٹیموں نے ہماری معاونت کی ان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، آج ایک بدلا ہوا پاکستان ہے، جس کو دنیا عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button