پوری قوم مل کر پیٹرول کی بچت اور کفایت شعاری کی مہم میں اپنا حصہ ڈالے،وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے خطے کی کشیدہ صورت حال کے پیش نظر پیٹرول کی بچت اور کفایت شعاری مہم کو کامیاب بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی ناقابل معافی جرم ہے اور ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات، توانائی کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا اور اس حوالے سے خطے میں کشیدہ صورت حال کے پیش نظر معاشی استحکام کے لیے کفایت شعاری سے متعلق فیصلوں پر عمل درآمد پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں آج سے نافذ العمل بازار اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کے حوالے سے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ علاقائی صورت حال کی سنگینی کے پیش نظر پوری قوم مل کر پیٹرول کی بچت اور کفایت شعاری کی مہم میں اپنا حصہ ڈالے، پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی ناقابل معافی ہے اور اس مکروہ فعل میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار کا ایک حصہ پیٹرولیم مصنوعات پر منحصر ہے، مارکیٹس 8 بجے بند کرنے اور دیگر کفایت شعاری کے اقدامات کا مقصد نہ صرف قیمتی زر مبادلہ بچانا ہے بلکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی بھی یقینی بنانا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کہا کہ مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات کو 8 بجے بند کرنے کے حوالے سے حکومت سندھ کے ساتھ مشاورت جاری ہے، صوبائی حکومتوں سے تیل پر سبسڈی کے حامل افراد کے کوائف موصول ہونے شروع ہو گئے ہیں اور تصدیق کے بعد ایک شفاف ڈجیٹل نظام کے ذریعے انہیں سبسڈی کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزارت آئی ٹی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے 4 اپریل سے مال بردار گاڑیوں، بسوں اور ٹرکوں کو سبسڈی کی فراہمی تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احسن اقبال، عبد العلیم خان، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، سردار اویس احمد لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی طارق باجوہ اور طلحہ برکی، گورنر اسٹیٹ بینک، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز اور انسپیکٹر جنرل آف پولیس سمیت متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔



