ہمارے بھائی کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دارآپ ممبران اسمبلی وسینیٹ ہونگے،عمران خان کی بہنوں کی شاہد خٹک اورعارف مبین کی سرزنش

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)بانی پی ٹی آئی عمران کان کی بہنوں عظمیٰ خان اور علیمہ خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں شاہد خٹک اور عارف مبین جٹ کی سرزنش کر دی۔

بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر دونوں رہنماوں کی سرزنش کرتے ہوئے کہاکہ  ایسے ممبران کو شرم آنی چاہیے جو اسپیکرقومی اسمبلی سے ملے۔

عظمیٰ خان نے کہا کہ  میرا بھائی جیل میں مشکل میں ہے اور آپ اسپیکر سے ملتے ،کیک کاٹتے ہیں۔ بتایا گیا کہ عامرڈوگر، ثنااللہ مستی خیل نے نوجوان پارلیمنٹرینز کو اسپیکر کے پاس بھیجا۔

عظمیٰ خان نے کہاکہ  ہمارا بھائی مشکل میں ایک مقصد کےلیے ہے لیکن آپ کچھ نہیں کر رہے۔

اس پر شاہد خٹک نے کہا کہ  ہم کوشش کررہے ہیں، ہم بانی پی ٹی آئی کیلئے جان دے دیں گے۔وہ  بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے سامنے اپنی کارکردگی اور وضاحت پیش کرتے رہے۔

تاہم بانی پی ٹی آئی کی بہنیں شاہد خٹک اور عارف مبین جٹ کی وضاحت سے مطمئن نہ ہوئیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ  ہمارے ممبران اسمبلی اور سینیٹرز ہیں، ہزاروں ٹکٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن کوئی سامنے نہیں آتا۔

عظمیٰ خان نے کہا کہ  اگرہمارے بھائی کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دارآپ ممبران اسمبلی وسینیٹ ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button