ایران پر امریکی حملوں کی ڈیڈ لائن، پاکستان اور مصر نے جنگ بندی کی کوششیں تیز کر دیں

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)بین الاقوامی جریدے بلوم برگ کے مطابق ایران پر حملوں کی ڈیڈلائن کے قریب آتے آتے پاکستان اور مصر نے جنگ بندی کی اپنی کوششیں تیز کردی ہیں۔
بلوم برگ کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں پاکستان اور مصر نے جنگ بندی کی کوششوں کے لیے متعدد ٹیلی فون کالز کی ہیں۔
بلوم برگ نے لکھا ہے کہ پاکستان اور مصر دونوں ملک مل کر واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ پیر کو کہہ چکے ہیں، کہ نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان کے ذریعے ایران سے بات کر رہے ہیں۔
مصری وزیر خارجہ کے مطابق انہوں نے آج منگل کو امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بات کی ہے۔
دوسری جانب سینئر ایرانی ذرائع نے خبرایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان سے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے لیکن امریکا نے اپنا لہجہ نہیں بدلا۔
ادھر پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے جنگ روکنے کیلئے خیرسگالی اور سفارتی کوششیں اہم مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار کریں۔
واضح رہے کہ 5 اپریل کو مغالظات سے بھرے بیان میں ٹرمپ نے دھمکی کو دہراتے ہوئے کہا تھا کہ منگل کا دن پاور پلانٹ کا دن اور برج کا دن ہو گا۔
تاہم آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیڈلائن کے خاتمے سے 11گھنٹے پہلے ہی پوری ایرانی قوم کو ختم کرنے کی دھمکی دے دی ۔
ترمپ نے کہا کہ ایک پوری تہذیب آج رات ختم ہو جائے گی،جو واپس نہیں آسکے گی۔



