بلاول بھٹو زرداری کی مسیحی برادری کو ایسٹر پر مبارکباد

کراچی / اسلام آباد / لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے  چیئرمین  بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو  ایسٹر تہوار کی مبارکباد پیش کی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایسٹر کا پیغام ہمیں سکھاتا ہے کہ ایمان، ہمدردی اور قربانی کی قوت گہرے سے گہرے زخموں کو بھی مندمل کر کے ایک روشن صبح کی نوید بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  پیپلز پارٹی کا  نظریہ مساوات، مذہبی ہم آہنگی اور تمام مذاہب کے احترام پر مبنی ہے، اور یہ وہ اصول ہیں جو 1973 کے آئین میں محفوظ ہیں، جو ہر شہری کو بلا امتیاز بنیادی حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  نے پاکستان کی مسیحی برادری کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، عوامی خدمت اور دفاع سمیت قومی ترقی میں ان کا نمایاں کردار قابلِ فخر ہے۔  انہوں  نے پاکستان کی مسیحی کمیونٹی پر  زور دیا کہ ایسٹر کے موقع پر  ہم اتحاد، رواداری اور شمولیت کے عزم کی تجدید کریں، اور مل کر ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں جہاں تنوع کو سراہا جائے اور ہر شہری وقار، امن اور مساوی مواقع کے ساتھ زندگی گزار سکے۔

مزید خبریں

Back to top button