ٹارگٹڈ حکمت عملی مشکل حالات میں مسافروں اور ٹرانسپورٹ سیکٹر دونوں کا تحفظ یقینی بنائے گی، وزیراعلیٰ سندھ نے تفصیلات بتادیں

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے بعد سبسڈی سے متعلق تفصیلات جاری کردیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدرت 1.72 ارب روپے کے ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام پر عملدرآمد کےلیے اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، مکیش کمار چاولہ، محمد بخش خان مہر، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز شریک ہوئے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سبسڈی پروگرام کے اجرا کے لیے طریقہ کار، نظام اور عملی حکمت عملی طے کرلی گئی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے عوامی ٹرانسپورٹ کے کرایوں کو قابل برداشت رکھنے اور صوبے کے ٹرانزٹ نظام کی بلا تعطل فعالیت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پیٹرول اور ڈیزل کی اضافی قیمتوں کے اثرات کم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ حالیہ ہفتوں میں ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے کرایوں میں اضافے اور عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال میں کمی کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت نے ’ٹارگٹڈ پیپلز فیول ڈیفرینشل سبسڈی‘ متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے بحران سے قبل اور موجودہ قیمتوں کے درمیان فرق کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے عمومی سبسڈی کو غیر مؤثر اور مالی طور پر غیر پائیدار قرار دیا۔



