صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا پی این ایس خیبر کی پاک بحریہ میں شمولیت پر مسرت کا اظہار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پی این ایس خیبر کی پاک بحریہ میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بحری دفاع میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ پی این ایس خیبر کی شمولیت پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور دفاعی استعداد میں مسلسل بہتری کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بحری اثاثوں کا اضافہ ملکی دفاع کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک بحریہ نے ہر موقع پر، بالخصوص معرکۂ حق کے دوران، قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائی ہیں اور ملک کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی تناظر میں مضبوط بحری قوت قومی خودمختاری کے تحفظ کا ایک اہم ستون ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سمندری سرحدوں کے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔

صدر مملکت نے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، جذبہ اور خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی بحری دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنایا جاتا رہے گا۔

مزید خبریں

Back to top button