وفاقی وزیر نےپیٹرول کے بعد بجلی بھی مہنگی ہونے کا عندیہ دیدیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر بجلی اویس لغاری نے پیٹرول کے بعد بجلی مہنگی ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی بھی مہنگی ہوسکتی ہے اس لیے بازار جلد بند کرنے کے لیے مشاورت جاری ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ توانائی کا بحران نہ صرف تیل بلکہ گیس اور فرنس آئل پر بھی اثر انداز ہوتا ہے جس کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں کے پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اسی لیے مارکیٹوں کے اوقات میں تبدیلی اور بچت کے دیگر اقدامات پر صوبوں سے مشاورت کر رہی ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ‏ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہم نے عوام کو اس بوجھ سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے اور کرتے رہیں گے، اگر ہم سب توانائی بچائیں گے تو ملک پر دباؤ کم ہوگا اور جلد بہتری ائے گی۔

وفاقی حکومت نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کردیا ہے، حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 137 روپے 23 پیسے اور ڈیز کی قیمت میں فی لیٹر 184 روپے 49 پیسے اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بالترتیب 458 روپے 40 پیسے اور 520 روپے 35 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر عوام اور اپوزیشن کی جانب سے تنقید کی گئی ہے اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کا بھی اعلان کیا گیا ہے جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ قیمتوں میں اضافہ مشرق وسطیٰ جنگ کی وجہ سے ہوا ہے اور یہ صورت حال پوری دنیا میں ہے۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اگر جنگ جاری رہتی ہے تو حالات اس سے بھی خراب ہوسکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button