پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے آفٹر شاکس آنا شروع،گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں بے انتہا اضافہ کردیا

کراچی/لاہور(جانوڈاٹ پی کے )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے آفٹر شاکس آنا شروع،گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں بے انتہا اضافہ کردیا۔عوام کی چیخیں نکل گئیں۔پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کرایوں میں 65 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔لاہور سے کراچی کا کرایہ ایک لاکھ دس ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 80 ہزار روپے ہو گیا، لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 80 ہزار سے ایک لاکھ 20 ہزار روپے کردیا گیا۔لاہور سے پشاور کا کرایہ ایک لاکھ سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کردیا گیا، لاہور سے کوئٹہ ایک لاکھ 60 ہزار سے 2 لاکھ 30 ہزار روپے، لاہور سے ملتان 60 ہزار سے 90 ہزار روپے کرایہ بڑھا دیا گیا۔ مرکزی صدر نبیل طارق محمود کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے نے کارروبار تباہ کردیا ہے۔دوسری جانب پاکستان گڈز الائنس نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرائے 60 فیصد بڑھانے کا اعلان کردیا۔صدر پاکستان گڈز الائنس ملک شہزاد نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں، اس سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لاکھوں لوگ بیروزگار ہو رہے ہیں، نظر ثانی نہ کی تو پاکستان کی ٹرانسپورٹ رک جائے گی۔پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن نے ڈیزل کی قیمت میں اضافے پر ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا، ایسوسی ایشن نے کہا ڈیزل کی قیمت میں اضافےکے تناسب سےکرائے نہیں بڑھائے جاسکتے، حکومت ویسے ہی کہہ دے کہ ٹرانسپورٹرز اپنا کاروبار بند کرکے گھر بیٹھ جائیں۔کمرشل پروازوں کیلئے جیٹ فیول کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران چھٹی بار بڑا اضافہ کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں مزید 40 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 517 روپے 17 پیسے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔



