پنجاب اوراسلام آباد میں میں پبلک ٹرانسپورٹ فری،سندھ حکومت کاٹرانسپورٹرز،موٹرسائیکل سواروں کو سبسڈی دینے کا اعلان
اب اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، اسپیڈو بس کے مسافروں کو ٹکٹ خریدنا نہیں پڑے گا

اسلام آباد/کراچی/لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب اوراسلام آباد میں میں پبلک ٹرانسپورٹ فری،سندھ حکومت کاٹرانسپورٹرز،موٹرسائیکل سواروں کو سبسڈی دینے کا اعلان۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تمام شہروں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنے کا اعلان کر دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کے بعد اب اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، اسپیڈو بس کے مسافروں کو ٹکٹ خریدنا نہیں پڑے گا۔گرین الیکٹرو بس میں بھی سفر کے دوران شہریوں کو ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کاشتکاروں کو فی ایکڑ ایک لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دینے کا اعلان بھی کردیا
مریم نواز کا کہنا تھا مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، غیرمعمولی حالات میں شہری ذاتی سواری کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ جنگ کے نتیجے میں دنیا عالمی معاشی بحران کا شکار ہے، حالات کی بہتری کے ساتھ ہی عوام کو معاشی بوجھ سے نجات دلائیں گے۔ایک ماہ میں اربوں روپے کا ریلیف دے کر وزیراعظم نے عوام کو مشکلات سے بچانے کی کوشش کی، وزیراعظم شہباز شریف نے بدترین معاشی صورتحال میں عوام کو ریلیف دیا۔
اسلام آباد میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ فری
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کے لیے مفت کر دی گئی ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا وزیر اعظم کی ہدایت پر اسلام آباد میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ فری کر دی ہے، وزارت داخلہ مفت ٹرانسپورٹ کا 35 کروڑ روپے کا بوجھ برداشت کرے گی۔



