ملالہ یوسفزئی نے اسرائیل کے فلسطین میں اقدامات کو نسل کشی قرار دیدیا

لندن(جانوڈاٹ پی کے)امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی پاکستانی سماجی رہنما ملالہ یوسفزئی کا کہنا ہےکہ انہوں نے اکتوبر 2023 میں ہی کہا تھا کہ اسرائیل فلسطین میں نسل کشی کر رہا ہے۔
ملالہ یوسفزئی معروف گلوکار اور سماجی رہنما شہزاد رائے کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کر رہی تھیں۔
پوڈ کاسٹ کے میزبان شہزاد رائے نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ میں ابھی آپ کے گھر آیا تو میں نے سوچا کہ آپ کا انٹرویو کرنےکی ایک اسٹوری اپ لوڈ کروں لیکن مجھے آپ کے شوہر (عصر) نے بتایا کہ انٹرنیٹ خراب ہے۔ میں یہ پوچھنا چاہ رہا تھا کہ انٹرنیٹ ابھی خراب ہوا ہے یا 2023 سے جب سے اسرائیل نے فلسطین میں نسل کشی شروع کی ہے، کیونکہ اس معاملے پر آپ چپ رہی ہیں؟
ملالہ یوسفزئی نے کہا میں نے اکتوبر 2023 میں ہی کہا تھا کہ اسرائیل نسل کشی کر رہا ہے۔
اس پر شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ بس یہی جو آپ نے ابھی کہا نا کہ اسرائیل نے نسل کشی شروع کی، لوگ یہی سننا چاہ رہے تھے آپ سے۔
اس پر ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ میں اسے نسل کشی کہہ چکی ہوں، میں فلسطین کے ایشو پہ ٹوئٹ کرتی ہوں تو لوگ پھر بھی کہتے ہیں کہ میں اس معاملے پر خاموش ہوں۔
ملالہ یوسفزئی نے مزید کہا کہ آپ ایک حالیہ مثال دیکھ لیں، امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا، وہاں پر ایک اسکول کو ٹارگٹ کیا جس میں بہت زیادہ بچوں کی جانیں گئیں۔ میں نے اس پر جلد از جلد ایک مذمتی ٹوئٹ کی اور پرزور مذمت کی، لیکن پھر بھی کچھ لوگ تھے جو کہ غلط معلومات پھیلا رہے تھے کہ میں نے کچھ نہیں بولا، وہ حقائق نہیں چیک کر رہے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میری اکثر یہی ایک چھوٹی سی امید ہوتی ہے کہ لوگ کم سے کم فیکٹس چیک ضرور کرلیا کریں۔



