کراچی بارش کے پانی میں ڈوب گیا،مختلف حادثات میں6افرادلقمہ اجل بن گئے

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)ملک میں داخل ہونے والے نئے مغربی سسٹم کے زیر اثر کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالی باری سے موسم خوش گوار ہوگیا تاہم کئی مقامات پر اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے سے شہری پھنس گئے۔
شہر میں یخ بستہ تیز ہوائیں چل پڑیں، ہواؤں کی رفتار25کلومیٹر ریکارڈ ہو رہی ہے جبکہ ہواؤں کی رفتار50کلو میٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کر سکتی ہے۔سسٹم کے زیر اثر ڈیفنس، صدر، کیماڑی، کلفٹن، شارع فیصل، ملیر، گلستان جوہر، طارق روڈ، گلشن اقبال، میٹ کمپلیکس، بلدیہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔شہر میں موسلادھار بارش کے باعث مختلف علاقوں میں اربن فلڈںگ کی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث شارع فیصل پر درجنوں گاڑیاں پھنسی رہیں۔ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے صورتحال پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔نیپا چورنگی، لیاقت آباد 10 نمبر، گلشن چورنگی، جیل چورنگی اور گرومندر پر پانی جمع ہوگیا جبکہ شارع فیصل کے کئی مقامات پر بارش کا پانی جمع ہوگیا۔ یونیورسٹی روڈ پر بھی برساتی پانی جمع ہوگیا۔
صبح 6 تا شام 5 تک بارش کے اعداد و شمار
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 69.9 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی جبکہ کیماڑی میں 56 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 48 ، گلستان جوہر 44.2 ملی میٹر، بحریہ ٹاؤن 43.5 ، اورنگی ٹاؤن 39.4 ملی میٹر، گلشن معمار میں 36 ، جناح ٹرمینل 35 ، سرجانی ٹاؤن 35 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
اس کے علاوہ ڈی ایچ اے 33 ،اولڈ ایئرپورٹ 32.6 ، شاہراہ فیصل 30.4 ملی میٹر،ماڑی پور 29 ، نارتھ کراچی 28.8 ،کورنگی 18.2 ملی میٹر ، گلشن حدید میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔قبل ازیں، کراچی میں صبح سویرے کالی گھٹائیں چھا گئی تھیں اور بادل جم کے برسے تھے، جس کے سبب صبح دفاتر اور تعلیمی اداروں کی طرف جانے والے طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق نیا مغربی سلسلہ بلوچستان کے راستے بتدریج ملک میں داخل ہو رہا ہے، آج کراچی میں اس سسٹم کے تحت گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔کراچی کے چند ایک علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے جبکہ بارش کے دوران تندوتیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ تیز ہواوں اور آندھی کے سبب کمزور املاک کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔



