محسن نقوی کا 4 مختلف پراجیکٹس کا دورہ، سہولیات بہتر بنانے پر زور

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) محسن نقوی نے اسلام آباد میں مسلسل 4 گھنٹے کے دوران 4 مختلف پراجیکٹس ماڈل جیل، پولیس کالج اور خدمت مراکز کا دورہ کیا اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ نے زیر تعمیر اسلام آباد ماڈل جیل، کیپٹل پولیس کالج، پولیس خدمت مرکز اور اتاترک ایونیو کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، اسلام آباد ماڈل جیل میں بیرکس، ایڈمن بلاک اور باؤنڈری وال کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے، جبکہ پہلے فیز کو ہائی سکیورٹی پرزن بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ماڈل جیل میں تعینات اہلکاروں کی تربیت 30 اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
محسن نقوی کے کیپٹل پولیس کالج آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، اور انہوں نے 2 آرمرڈ پرسنل کیریئر گاڑیاں اسلام آباد پولیس کے حوالے کیں، انہوں نے کالج کی اپ گریڈیشن پلان طلب کرتے ہوئے تربیتی کورس کی گنجائش کو 450 سے بڑھا کر 4000 کرنے کا ٹاسک دیا۔
تربیتی کورس کو جدید تقاضوں کے مطابق استوار کرنے، اور اے آئی، آئی ٹی اور فزیکل ٹریننگ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی، وزیر داخلہ نے ڈی ایس پی اور انسپکٹر کے پروموشنل تربیتی کورسز کی کلاسز کا بھی دورہ کیا اور زیر تربیت افسران سے کورسز اور پروموشن کے حوالے سے دریافت کیا۔
وزیر داخلہ نے ایف-6 میں پولیس خدمت مرکز کا بھی دورہ کیا اور فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا، مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا، شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ شہریوں نے پولیس خدمت مرکز میں مہیا کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ پولیس خدمت مراکز میں شفاف اور تیز رفتار خدمات کی فراہمی اولین ترجیح ہو، اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے حکومت ہر سطح پر بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔



