حکومتِ سندھ کا ای وی ٹیکسی منصوبہ شروع، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا اعلان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) حکومتِ سندھ نے جدید ٹرانسپورٹ اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے الیکٹرک وہیکل (ای وی) ٹیکسی پروجیکٹ کے اہم معاہدے پر دستخط کر دیے۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے سندھ بینک، سندھ ڈویلپمنٹ فنڈ (SDF) اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے، جس کا مقصد صوبے میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔

معاہدے کے تحت سندھ میں ای وی ٹیکسی سروس متعارف کرائی جائے گی، جس سے شہری ٹرانسپورٹ میں بہتری کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نوجوانوں سے کیے گئے وعدے پورے کر رہی ہے اور ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں متعارف کروائے گئے منصوبے، جیسے خواتین کے لیے پنک بس سروس، عالمی سطح پر سراہے گئے ہیں، جبکہ ای وی بسز کا اجرا بھی ایک منفرد اقدام ہے، یہ تمام منصوبے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا حصہ ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں پنک سکوٹیز سکیم شامل ہے، اس سکیم کے آغاز پر صرف 150 خواتین کے پاس ڈرائیونگ لائسنس تھا، جبکہ اب 20 ہزار خواتین نے لائسنس کے لیے درخواست دی ہے، اور حکومت کی جانب سے مفت تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنک ای وی ٹیکسی منصوبے کا مقصد خواتین کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا اور انہیں معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔

سینئر وزیر نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دے رہی ہے، جبکہ ای وی گاڑیوں کے استعمال کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے، اس سلسلے میں دھابیجی سپیشل اکنامک زون میں ای وی گاڑیوں کے مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام کی خواہش کا اظہار بھی کیا گیا۔

تقریب کے دوران انہوں نے ملکی اور علاقائی صورتحال پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا خطے میں اہم کردار ہے اور قومی یکجہتی کے ذریعے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے مسئلے پر حکومت سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے، جبکہ ملک کے مفاد کے خلاف کسی بھی اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button