اسلام آباد ہائیکورٹ کا عید کے چاند کے فوری اعلان سے متعلق بڑا فیصلہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ میں عید کے چاند کے اعلان میں تاخیر سے متعلق دائر درخواست کو نمٹا دیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار عبد اللہ شفیق ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا نوٹس کے اجراء سے درخواست گزار کو کوئی پریشانی ہوئی، جس پر انہوں نے نفی میں جواب دیا۔

درخواست گزار نے رویتِ ہلال کے عمل پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ چاند دیکھنے کیلئے استعمال ہونے والی مشین الٹی نصب تھی، اور اس حوالے سے ویڈیو ثبوت بھی موجود ہے، جو موبائل فون میں محفوظ ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اگر مشین الٹی تھی تو اس سے کوئی عملی نقصان یا مسئلہ پیدا ہوا؟ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ جمعے کو عید ہونی چاہیے تھی، تاہم رویت ہلال کمیٹی نے ہفتے کو عید کا اعلان کیا۔

درخواست گزار نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چاند دیکھ کر روزہ رکھا اور عید منائی جاتی ہے، جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ وہ متعلقہ حدیث کی مکمل تفصیلات پیش کریں۔

درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جواب جمع نہیں کرایا گیا اور استدعا کی کہ درخواست کو مستقبل کیلئے نمٹا دیا جائے، جس پر عدالت نے درخواست کو نمٹاتے ہوئے فیصلہ سنایا کہ اس معاملے میں فی الحال مزید کارروائی نہیں کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button