عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، برینٹ 118 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا

لندن(جانوڈاٹ پی کے)خا م تیل کی سپلائی پر تشویش سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
برطانوی خام تیل برینٹ 5.29 ڈالر اضافے سے فی بیرل 118 ڈالر میں فروخت ہو رہا ہے جب کہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی بھی 102 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا امریکا پر بھی اثر دیکھا جا رہا ہے، امریکا میں پیٹرول کی فی گیلن قیمت چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور پیٹرول کی قیمت 4 ڈالر فی گیلن سے تجاوز کرگئی ہے۔
امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق اس سے قبل اگست 2022 میں قیمتیں 4 ڈالر سے اوپر گئی تھیں۔
امریکن آٹو موبائل ایسوسی ایشن کے مطابق فروری کے آخر میں یہ قیمت 3 ڈالر سے بھی کم تھی۔
امریکی میڈیا کے مطابق پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ماضی میں وائٹ ہاؤس کے لیے سیاسی طور پر مہنگی ثابت ہوئی ہیں۔ ٹرمپ کو اپنی دوسری مدت صدارت کے دوران اسی سال کے آخر میں ایک بڑا انتخابی امتحان درپیش ہے، جہاں نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل کانگریس پر ریپبلکن کنٹرول داؤ پر لگا ہوا ہے۔
تیل کی قیمتوں میں طویل مدت تک اضافے کے ممکنہ اثرات پر تشویش بڑھنے کے ساتھ ٹرمپ بارہا اس کے اثرات کو کم اہم ظاہر کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، حتیٰ کہ انہوں نے یہ مؤقف بھی اختیار کیا کہ مجموعی طور پر ملک کو اس سے فائدہ ہوگا۔
ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ امریکا دنیا کا سب سے بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک ہے اور بہت آگے ہے، اس لیے جب تیل کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو ہم بہت زیادہ پیسا کماتے ہیں۔



