سندھ حکومت عوامی خدمت اور ترقی کے مشن پر گامزن ہے،شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوامی خدمت کے مشن پر کاربند ہے ، تمام وسائل بروئے کار لا کر صوبے کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، صوبے کے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور پائیدار ترقی کے لیے مختلف شعبوں میں جامع اور مربوط اقدامات کئے گئے ہیں، حکومت کا وژن ایک ایسا سندھ ہے جہاں ہر شہری کو بنیادی سہولیات، روزگار اور معیاری زندگی میسر ہو۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے کے یو جے کے وفد نے طاہر حسن خان، لیاقت کشمیری کی سربراہی ملاقات کی۔ ملاقات میں صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کو درپیش مسائل، صحافیوں کو سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے سڑکوں کی تعمیر و مرمت، شہری منصوبہ بندی اور ترقیاتی اسکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے، سرکاری اسپتالوں کی اپ گریڈیشن، جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور ڈاکٹروں و طبی عملے کی استعداد کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، عوام کو بہتر اور بروقت علاج کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں کی بحالی، اساتذہ کی بھرتی اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحات متعارف کرانے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے، مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے پرائس کنٹرول میکنزم کو مؤثر بنایا گیا ہے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، سستے بازاروں اور سبسڈی پروگرامز کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر نظام قائم کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کے مسائل کا فوری حل ممکن ہو سکے۔



