فریال تالپور کی زیر صدارت اجلاس، تنظیمی امور اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ، کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور کی زیر صدارت زرداری ہاؤس کراچی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کراچی کے تنظیمی امور اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس کے دوران فریال تالپور کو پارٹی کے تنظیمی معاملات کے ساتھ ساتھ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے منصوبہ جات پر جامع بریفنگ دی گئی۔ رہنماؤں کی جانب سے دی گئی بریفنگ پر فریال تالپور نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کارکردگی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی، صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، پی پی پی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر نجمی عالم، ایم پی اے سہیل انور سیال، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری رؤف ناگوری، ڈپٹی میئر سلمان مراد، ایم این اے شاہدہ رحمانی، کرم اللہ وقاصی اور نعمان شیخ بھی اجلاس میں موجود تھے۔
فریال تالپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کراچی میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو وارڈ سطح تک مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ عوامی رابطہ بہتر ہو سکے۔ انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور ترقیاتی عمل کی رفتار مزید تیز کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل اور شہر کی بہتری کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ کراچی کے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



