جعفر ایکسپریس منسوخ، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے) جعفر ایکسپریس کی آج کی سروس اچانک منسوخ کر دی گئی، جس کے باعث پشاور جانے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ریلوے حکام کے مطابق ٹریک پر فوری مرمتی کام کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر تھا، تاہم مسافروں نے انتظامیہ کی پیشگی اطلاع نہ دینے پر شدید ناراضی کا اظہار کیا، دوسری جانب پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد ریلوے سٹیشن پر روک دیا گیا، جہاں مسافر گھنٹوں انتظار میں بیٹھے رہے۔

کوئٹہ سٹیشن پر ٹکٹ ہاتھ میں لیے مسافروں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں، جبکہ کئی افراد اپنے سفر کے اچانک منسوخ ہونے پر شدید مایوسی کا شکار نظر آئے، ایک بزرگ مسافر حاجی عبدالرحمان نے بتایا کہ وہ تین ماہ بعد اپنی بیٹی سے ملنے پشاور جا رہے تھے مگر ٹرین کی منسوخی نے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

اسی طرح ایک طالب علم علی حسن نے کہا کہ وہ یونیورسٹی امتحان کے لیے پشاور جا رہے تھے، مگر اب متبادل ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث مشکلات بڑھ گئی ہیں، بسوں میں رش اور کرایوں میں اضافہ بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے، جبکہ حالیہ بارشوں کے باعث بعض شاہراہیں بھی متاثر ہیں۔

جیکب آباد میں روکی گئی ٹرین کے مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جہاں کچھ افراد پلیٹ فارم پر انتظار کرتے رہے جبکہ کچھ ٹرین کے اندر ہی رکنے پر مجبور ہو گئے، ریلوے عملہ صرف مرمت مکمل ہونے کی یقین دہانیاں کرواتا رہا۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ صرف ایک ٹرین تک محدود نہیں، بلکہ کراچی جانے والی بولان میل اور چمن جانے والی چمن پسنجر ٹرین بھی کئی دنوں سے بند ہیں، جس سے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے سفر کرنے والے افراد شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

ریلوے ذرائع کے مطابق پرانی ریلوے لائنز، ٹریک کی خراب حالت اور موسمی اثرات کے باعث مرمتی کام بار بار ضروری ہو جاتا ہے، حکام کا مؤقف ہے کہ ان اقدامات سے کسی بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے، تاہم مسافروں کا کہنا ہے کہ ہر بار سروس معطل کرنا مسئلے کا حل نہیں۔

کوئٹہ ڈویژن کے ریلوے حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرہ مسافروں کو ٹکٹ کی مکمل رقم واپس کی جائے گی اور مرمت کا کام مکمل ہونے کے بعد کل سے جعفر ایکسپریس اپنی معمول کی سروس بحال کر دے گی۔

تاہم مسافروں نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں صرف رقم کی واپسی نہیں بلکہ فوری متبادل ٹرانسپورٹ اور بروقت معلومات فراہم کی جائیں تاکہ ایسی صورتحال میں ان کی مشکلات کم کی جا سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button