پاکستان اور چین کا خطے میں امن اور سفارتی روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے درمیان رابطہ ہوا ہے جس میں خطے میں امن اور سفارتی روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

 دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور چین نے خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں امن اور سفارتکاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا ہے، جبکہ پاکستان کے کردار کو کشیدگی کم کرنے میں کلیدی قرار دیا گیا ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان اور چین نے ایک بار پھر علاقائی امن اور سفارتی حل کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا ہے، دونوں ممالک نے کشیدہ صورتحال میں محتاط حکمت عملی اپناتے ہوئے مختلف سطحوں پر رابطوں کو جاری رکھنے اور خطے میں استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاکستان بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کو واحد مؤثر راستہ سمجھتا ہے، انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان آئندہ مذاکرات میں سہولت کاری اسی اصولی مؤقف کا مظہر ہے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے بھی ایران امریکا مذاکرات کے آغاز کا خیرمقدم کیا اور اسے علاقائی استحکام کے لیے انتہائی اہم قرار دیا، انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے میں کردار ادا کرے۔

چین نے کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے اس کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا، چین نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو خطے میں امن کے لیے اہم قرار دیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین اسٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں اور باہمی اعتماد اور یقین پر مبنی تعلقات رکھتے ہیں، اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ممالک خطے اور عالمی سطح پر امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے فوری جنگ بندی، مذاکرات کی بحالی، شہریوں کے تحفظ اور سمندری راستوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی پاسداری کو بھی ناگزیر قرار دیا۔

اس گفتگو کے دوران افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی، اور دونوں ممالک نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزید خبریں

Back to top button