پی ایس ایل میچز کے دوران فول پروف سکیورٹی، 5 ہزار 100 اہلکار تعینات

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب فیصل کامران کے مطابق 5 ہزار 100 سکیورٹی اہلکار مختلف ڈیوٹیز پر تعینات ہیں۔
فیصل کامران نے بتایا کہ سکیورٹی پلان میں کوئیک ریسپانس ٹیمیں، روٹ ڈیوٹی، ٹیموں کی آمد و رفت اور انہیں ہوٹل تک محفوظ پہنچانا شامل ہے، جبکہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی ہر نقل و حرکت کے دوران سخت حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میچز کے دوران استعمال ہونے والے روٹس پر سیف سٹی منصوبے کے تحت اضافی کیمرے نصب کیے گئے ہیں تاکہ نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق کسی بھی گاڑی کو بغیر مکمل چیکنگ اسٹیڈیم کے اطراف میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ، جبکہ متعلقہ گاڑیوں کے داخلے کیلئے بھی باقاعدہ طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔
فیصل کامران کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کے معاملات کی نگرانی کیلئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی پہلی ترجیح اپنی ڈیوٹی انجام دینا ہے، پی ایس ایل کے میچز دیکھنا بعد کی بات ہے۔



