ایران جنگ: پاک بحریہ کا آپریشن "محافظ البحر” شروع،ملکی توانائی سپلائی کی حفاظت میں کلیدی کردار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)امریکا اسرائیل جنگ کے دوران پاک بحریہ آپریشن محافظ البحر کے ذریعے ملکی توانائی ضروریات کی محفوظ منتقلی یقینی بنا کر پاکستان کی لائف لائن کے لیے ڈھال بن کر ابھری ہے۔

آبنائے ہرمز میں جہاں جارح ممالک کے جہاز تقریباً تین ہفتے سے پھنسے ہیں وہیں پاک بحریہ اور برادر اسلامی دوست ملک ایران کے حکام کے درمیان باہمی رابطوں اور سفارتکاری کی مدد سے پاکستان کے لیے تمام ترجہاز بحفاظت اپنی منزل پر پہنچ رہے ہیں۔

چونکہ پائپ لائنز کے ذریعے پاکستان کو مختلف ممالک سے توانائی کی براہ راست فراہمی نہیں کی جاتی اور یہ عمل سمندری راستوں ہی سے انجام پاتا ہے، اس لیے پاکستان کے لیے ہمیشہ سے لفظ توانائی سمندر اور بحریہ ہی سے جڑا رہا ہے۔

پچھلے برس ہوئی پاک بھارت جنگ میں بھی پاک نیوی کی ہیبت نے دشمن کے بحری جہازوں اور آبدوزوں کو آگے بڑھنے سے روکے رکھا تھا۔ اس طرح معرکہ حق میں پاک فوج اور پاک فضائیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر پاکستان نیوی نے یقینی بنایا تھا کہ دشمن سمندری راستوں سے پاکستان کا بال بھی بیکا نہ کرسکے۔

تاہم امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط جنگ کے دور میں نیوی کی کوششوں سے روز روشن کی طرح عیاں ہوگیا ہے کہ بحریہ نے کس طرح پاکستان کی توانائی اور دیگربنیادی ضروریات کی سپلائی کا عمل مسلسل طور پر محفوظ بنایا ہوا ہے اور اس طرح ملکی معیشت کو کاری ضرب سے تاحال بچا رکھا ہے۔

حالیہ جنگ میں یہ بھی واضح ہوا ہےکہ میری ٹائم سکیورٹی حالت جنگ میں کیا جانیوالا اقدام ہی نہیں بلکہ یہ حالت امن میں بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے جوکہ قومی بقا کے تسلسل کی ضمانت ہوتی ہے ۔

یہ بھی کہ سمندر میں سکیورٹی زمین پر سکیورٹی سے کتنی جڑی ہوئی ہے اور پاکستان بحریہ نہ صرف سمندری سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ عوام کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کو تحفظ دینے میں خاموش مگر کس قدر کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

پاک بحریہ کا یہی وہ کردار ہے جس کے لیے اہلکار ہمیشہ مستعد ہوتے ہیں مگر اس کا عملی مظاہرہ آج دیکھا جارہا ہے کہ نہ صرف خام تیل اور گیس لانے والے جہاز محفوظ ہیں بلکہ اس صورتحال میں دشمن بھی کوئی فائدہ اٹھانے میں ناکام رہا ہے۔

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی کمی یا قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ معیشت پر کاری ضرب لگاسکتا ہے تاہم خطے میں پیدا صورتحال نے اجاگر کیا ہے کہ سمندری راستے پاکستان کی لائف لائن ہیں اور ملک کو معاشی استحکام بخشے ہوئے ہیں۔

یوں بھی کہا جاسکتا ہے کہ میری ٹائم آگاہی ہمیشہ ہی کسی ملک کی ضرورت ہوتی ہے تاہم امریکا اسرائیل ایران جنگ کےدوران پاک نیوی کی بدولت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو بے جا پرنہیں لگ سکے اور عوام کو پیٹرولیم مصنوعات بنگلادیش سمیت کئی ملکوں کے مقابلے میں نسبتا کہیں کم قیمتوں پر حاصل ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button