وزیراعظم کا دورہ کراچی، ایم کیوایم کے وفد سے ملاقات، شیریں رحمان سے بیٹی کے انتقال پر تعزیت

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہبازشریف کراچی کا دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئے ہیں ، اس دوران شہبازشریف نے خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیوایم کے وفد سے ملاقات کی جبکہ شریں رحمان کی رہائشگاہ کا دورہ کیا اور بیٹی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کراچی پہنچنے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر نہال ہاشمی نے استقبال کیا ، اس موقع پر آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو،چیف سیکریٹری آصف حیدرشاہ بھی موجود تھے ۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،وفاقی وزراعطا تارڑ ، احسن اقبال ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ،سینیٹررانا ثنااللہ بھی  تھے ۔

شہبازشریف نے سینیٹر شیریں رحمان کی رہائشگاہ کا دورہ کیا جہاں صاحبزادی ماروی ملک کے انتقال پر تعزیت  اور فاتحہ خوانی کی ۔    وزیراعظم نے شیریں رحمان اور ان کے شوہر سے ملاقات میں کہا کہ آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور اولاد کا غم بہت بڑا ہوتاہے ۔

وزیراعظم  شہبازشریف نے پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپورکے گھر کا بھی دورہ کیا اور بیٹی کی شادی پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم شہباز شریف سے پی اے  ایف بیس پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیوایم کے وفد  سے ملاقات ، وفد میں فاروق ستار،وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال اور سابق گورنر کامران ٹیسوری بھی شامل تھے ۔

وزیراعظم سے ملاقات میں خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ایم کیو ایم وفد نے آئندہ بجٹ، مجوزہ آئینی ترمیمی بل سمیت دیگر ایشوز پر گفتگو کی ۔

ذرائع کے مطابق ایم کیوایم کے وفد نے مقامی حکومتوں کے حوالے سے مجوزہ آئینی ترمیم کو 28 ویں ترمیم میں شامل کرنے اور لانے کا مطالبہ کیا  اور کہا کہ ایم کیوایم کی مجوزہ آئینی ترمیم وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

پی اے ایف بیس پر ہونے والی ملاقات میں ایم کیوایم کے مطالبات پر آئندہ ہفتے وزیراعظم سے ایک اور ملاقات طے کی گئی ، شہبازشریف نے گورنر سندھ کو کہا کہ صوبے میں ایم کیوایم کو کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیے ۔

مزید خبریں

Back to top button